ملک بھر میں خاتمُ النبیین حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

ملک بھر میں خاتمُ النبیین حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

(ویب ڈیسک)ملک بھر میں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یومِ ولادت مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

ملک بھر کی مساجد، سرکاری و نجی عمارتوں، گلیوں، محلوں، چوکوں اور شاہراہوں کو برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر محافلِ میلاد، نعت خوانی اور ریلیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ عاشقانِ رسول ﷺ درود و سلام اور نعتوں کے ذریعے سرورِ کائنات ﷺ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

عید میلادالنبی ﷺ کے دن کا آغاز لاہور اور پشاور میں نمازِ فجر کے بعد 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ کراچی میں بھی گلی محلوں کو برقی روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے۔ مختلف مقامات پر اسٹالز قائم کیے گئے ہیں جہاں موئے مبارک کی زیارت کے ساتھ مسجد نبوی ﷺ اور خانہ کعبہ کے ماڈلز بھی رکھے گئے ہیں۔

لاہور میں مساجد، گھروں، سڑکوں اور سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، جبکہ مختلف مقامات پر میلاد کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جا رہی ہیں۔

پشاور میں محافلِ نعت اور میلادِ مصطفیٰ ﷺ کا اہتمام کیا گیا ہے، جبکہ کوئٹہ میں بھی چراغاں، محافلِ نعت اور جلوسوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر برقی روشنیوں سے جگمگا رہا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں جشنِ آمدِ رسول ﷺ کے نعرے گونج رہے ہیں، جبکہ مساجد میں خصوصی عبادات اور محافل کا اہتمام کیا گیا ہے۔

کراچی میں عید میلادالنبی ﷺ کا مرکزی جلوس دوپہر ڈھائی بجے شہید مسجد کھارادر سے برآمد ہوگا، جو نیو میمن مسجد سے ہوتا ہوا گلزارِ حبیب مسجد پہنچے گا اور عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی مختلف جلوس نکالے جائیں گے۔

عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر کراچی میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے کے الیکٹرک نے آج لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

Watch Live Public News