یوم آزادی پر سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس میں پرچم کشائی کی تقاریب

یوم آزادی پر سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس میں پرچم کشائی کی تقاریب
کیپشن: یوم آزادی پر سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس میں پرچم کشائی کی تقاریب

ویب ڈیسک: پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر سپریم کورٹ سمیت تمام ہائیکورٹس میں پرچم کشائی کی پر وقار تقاریب منعقد کی گئیں، جن میں چیف جسٹس صاحبان، ججز، وکلاء، عدالتی عملہ اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ آف پاکستان میں پرچم کشائی کی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی تھے، جنہوں نے پرچم لہرایا۔ اس موقع پر سپریم کورٹ کے دیگر ججز بھی موجود تھے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے پرچم کشائی کی، جسٹس محمد آصف اور جسٹس اعظم خان سمیت بار اور ڈسٹرکٹ کے عہدیدار شریک ہوئے۔ تقریب کے بعد چیف جسٹس و دیگر ججز نے پودے لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس عالیہ نیلم نے تاریخی عمارت پر پرچم لہرایا، جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس سید شہباز علی رضوی اور دیگر ججز شریک تھے۔ اپنے خطاب میں چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ ادارے قائداعظم کے ویژن کے مطابق کام کریں تو ملک ترقی کی منازل طے کرے گا۔ انہوں نے ماڈل کورٹس کے قیام اور زیر التواء مقدمات نمٹانے کے لیے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

سندھ ہائیکورٹ میں چیف جسٹس جنید غفار نے پرچم کشائی کی اور اپنے خطاب میں بانیانِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تعصب اور نفرت کے خلاف متحد ہونا ہے۔

پشاور ہائیکورٹ میں چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے پرچم لہرایا۔ تقریب میں ججز، وکلاء، ایڈووکیٹ جنرل، بار کونسل ممبران، طلباء اور اساتذہ شریک ہوئے۔ پولیس کے دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔

بلوچستان ہائیکورٹ میں چیف جسٹس روزی خان بڑیچ نے پرچم کشائی کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آزادی ایک امانت ہے، ہم آئین کی سربلندی اور انصاف کے شفاف نظام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مقدمات کے جلد فیصلوں، خواتین ججز اور وکلاء کے بچوں کے لیے ڈے کیئر سینٹر کے قیام، اور ہائیکورٹ کے نظام کی کمپیوٹرائزیشن جیسے اقدامات کا ذکر کیا۔

ان تمام تقریبات میں قومی ترانہ بجایا گیا اور ملک کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

Watch Live Public News