لاہورسمیت پنجاب میں مون سون کا 7واں اسپیل، موسم خوشگوار

لاہورسمیت پنجاب میں مون سون کا 7واں اسپیل، موسم خوشگوار
کیپشن: لاہورسمیت پنجاب میں مون سون کا 7واں اسپیل، موسم خوشگوار

ویب ڈیسک: لاہور اور اس کے گرد و نواح میں مون سون بارشوں کے ساتویں اسپیل کے تحت ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور درجہ حرارت میں معمولی کمی واقع ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے باعث نہ صرف گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے بلکہ حبس میں بھی قدرے کمی محسوس کی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 13 سے 17 اگست کے دوران پنجاب کے بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، جبکہ 18 سے 21 اگست کے دوران پنجاب کے بیشتر میدانی اضلاع میں بارش برسنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ آج سے 21 اگست تک اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور کہیں کہیں موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

لاہور میں محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق ہلکی بارش کا یہ سلسلہ شہریوں کے لیے خوش آئند ہے، تاہم اگلے چند روز میں کہیں کہیں شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔

بارش کے دوران ممکنہ پانی جمع ہونے کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ، واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی نے نکاسی آب کے لیے اپنی ٹیموں کو فیلڈ میں متحرک کر دیا ہے۔ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی اور صفائی کے لیے خصوصی مشینری اور عملہ تعینات کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے، خاص طور پر نچلے علاقوں میں رہنے والے افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بارش کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

Watch Live Public News