(ویب ڈیسک )خلاء کے شوقین افراد کے لیے ایک دلکش اور نایاب موقع 20 اگست کو منتظر ہے، جب 6 سیارے آسمان پر ایک قطار میں دکھائی دیں گے، جسے ماہرین " پلانیٹ پریڈ" (Planet Parade) کہتے ہیں۔
اس شاندار فلکی مظہر میں عطارد، زہرہ، مشتری، زحل، یورینس اور نیپچون ایک ساتھ آسمان پر نظر آئیں گے۔ یہ منظر سال میں صرف ایک یا دو بار ہی دیکھنے کو ملتا ہے، اور اس سے قبل فروری میں 7 سیارے بیک وقت نظر آئے تھے۔
اگرچہ مریخ بھی غروب آفتاب کے وقت آسمان پر ہوگا، لیکن وہ افق کے اتنے قریب ہوگا کہ زیادہ تر افراد اسے نہیں دیکھ سکیں گے۔
اس نظارے میں عطارد، زہرہ اور مشتری کو بغیر کسی دوربین کے آسانی سے دیکھا جا سکے گا، جبکہ زحل، یورینس اور نیپچون کو دیکھنے کے لیے دوربین یا ٹیلی اسکوپ کی ضرورت ہوگی۔
یہ سیارے مشرقی اور جنوبی افق پر نمودار ہوں گے، اور جوڑوں کی صورت میں ہونے کی وجہ سے انہیں شناخت کرنا نسبتاً آسان ہوگا۔ عطارد سورج نکلنے سے قبل مشرقی افق پر ظاہر ہوگا، زہرہ اور مشتری بھی اسی سمت میں موجود ہوں گے، جبکہ زحل اور نیپچون جنوبی افق پر ایک دوسرے کے قریب دکھائی دیں گے۔