ویب ڈیسک: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور بحرین کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پاکستانی قوم کو تہنیتی پیغامات بھیجے ہیں۔
روسی صدر کی پاکستانی قوم کو مبارکباد
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپنے پیغام میں پاکستانی قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان کے عوام کے لیے امن، خوشحالی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ روس اور پاکستان کے تعلقات کامیابی کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں اور دونوں ممالک سیاسی، تجارتی، اقتصادی، انسانی ہمدردی سمیت مختلف شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ولادیمیر پیوٹن کا کہنا تھا کہ روس اور پاکستان اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی باہمی تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک اپنے عوام کے باہمی مفاد میں دوطرفہ شراکت داری کے تمام شعبوں کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
بحرینی ولی عہد کی بھی مبارکباد
دریں اثنا بحرین کے ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے بھی پاکستان کے یومِ آزادی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی۔
شہزادہ سلمان بن حمد نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے نام بھی تہنیتی پیغامات بھیجے اور پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔