غزہ میں اسرائیلی بربریت کا آنکھوں دیکھا احوال بتائے ہوئے امریکی خاتون رپورٹر اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں ۔ امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹر کلیریسا وارڈ یو اے ای کی میڈیکل ٹیم کے ہمراہ غزہ پہنچیں۔ کلیریساوارڈ نے غزہ میں اسرائیلی بربریت کا آنکھوں دیکھا حال بتاتے ہوئے کہا غزہ کی تباہی پریشان کن اور تکلیف دہ ہے، غزہ میں ہولناکیاں جاری ہیں اور ہم تو بہت آرام دہ صورتحال میں ہیں۔ غز ہ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے امریکی خاتون رپورٹر کی آواز بھر آئی اور کہا کہ غزہ کے لوگوں کی تکلیفوں کا اندازہ لگانابہت مشکل ہے، اسپتال بچوں اور خواتین سے بھرے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں داخل زخمیوں کے جسم بری طرح جھلسے ہوئے ہیں، اسپتال میں موجود چھوٹے اور یتیم بچوں کو یہ بھی معلوم نہیں کہ جنگ کیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹر کلیریسا وارڈ کا کہنا تھا کہ جب اماراتی فیلڈ اسپتال پہنچے تو قریب ہی زوردار دھماکا ہوا، تھوڑی دیر بعد زخمی لائے گئے، ایک شدید زخمی بچہ اسپتال پہنچایا گیا جس کی آدھی ٹانگ غائب تھی، زخمی بزرگ کو دیکھا جس کا پاؤں لٹک رہا تھا۔