ویب ڈیسک: سلسلہ نقشبندیہ کے ممتاز بزرگ اور معروف روحانی شخصیت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی انتقال فرما گئے۔ وہ طویل عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور زیرِ علاج تھے۔
مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کے دنیا بھر میں ہزاروں عقیدت مند اور متعلقین تھے، جبکہ کئی معروف مذہبی و سیاسی شخصیات بھی ان سے عقیدت رکھتی تھیں، جن میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان شامل ہیں۔
آپ یکم اپریل 1953ء کو جھنگ، پاکستان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی اسلام کی خدمت، تبلیغ، تصوف، شریعت و سلوک کے فروغ اور لوگوں کو دین کے حقیقی پیغام سے روشناس کرانے میں صرف کی۔
ان کے افکار، خطبات، تصانیف اور روحانی تعلیمات نے بے شمار افراد کی زندگیوں پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ ان کے انتقال کی تصدیق اہلِ خانہ و متعلقین نے کر دی ہے، جبکہ نمازِ جنازہ کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔