لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کا کہنا ہے کہ الیکشن وقت پر نہیں ہو گا تو آئین کے دفاع کے لئے ہر حد تک جائیں گے ۔ لاہور میں حماد اظہر اور فواد چودھری کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو 4 روز گزر چکے ہیں ، عدالت نے دو ٹوک کہا تھا کہ 90 دن کے اندر اندر الیکشن کروانے ہیں ، گورنر نے تاحال الیکشن کا اعلان نہیں کیا ہے ، پوری قوم دیکھ رہی ہے حکومت الیکشن سے بھاگ رہی ہے۔ سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن سے بھاگنے کے لئے آئین توڑ رہے ہیں، اسی خطرے کے خدشے سے ہم نے آگاہ کیا تھا ، حکومت اور ان کے ہمدرد کسی صورت الیکشن نہیں دیکھنا چاہتے ہیں ، ان کو پتا ہے کہ قوم سابق وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہو گئی ہے ، الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا ہے ، ایک آئینی ماہر نے کہا تھا کہ اس معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی گرفتاری بنتی ہے۔ اسد عمر نے بتایا کہ آئین کو توڑنے سے بڑا کوئی جرم نہیں ہو سکتا ، اب پی ڈی ایم والوں نے بیان دینا چھوڑ دیئے ہیں ، قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئین سے انحراف کی سزا غداری کے برابر ہے، بغیر وقت ضائع کیے عدالت کے حکم پر فوری الیکشن کا اعلان کیا جائے ، پاکستان کا آئین خطرے میں ہے، آئینی بحران پیدا ہو چکا ہے، الیکشن نہ کرا کر بہت بڑا جرم کیا جا رہا ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا آئین سے انحراف کا گورنر کو کوئی استشنیٰ نہیں ہے، ہمیں عدلیہ سے انصاف کی امید ہے، عدالت یقیناً آئین کے دفاع کے لئے کھڑی ہو گی ، ہم آئین کا دفاع کریں گے حکومت کو گھسیٹ کر بیلٹ پیپر تک لیکر جائیں گے۔