پاکستان سپر لیگ،بڑےمقابلے،پرجوش حریف،ٹاکرےکیلئےسٹیج تیار

پاکستان سپر لیگ،بڑےمقابلے،پرجوش حریف،ٹاکرےکیلئےسٹیج تیار
کیپشن: پاکستان سپر لیگ،بڑےمقابلے،پرجوش حریف،ٹاکرےکیلئےسٹیج تیار

ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کا میلہ 17 فروری سے سجے گا جس کا پہلا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ چھ ٹیموں کے درمیان ہونے والے ایونٹ میں دنیا بھر سے کئی نامور کرکٹرز شرکت کریں گے۔اٹھارہ مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز سمیت ہر ٹیم اپنے بیسٹ کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کی کوشش کرے گی۔

تفصیلا ت کے مطابق 17 فروری سے شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہوں گے۔ کراچی کو 11 میچز کی میزبانی ملی ہے۔ لاہور اور راولپنڈی نو، نو میچز کی میزبانی کریں گے۔ ملتان میں پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 18 مارچ کو ہو گا۔
پی ایس ایل انتظامیہ نے ایک بار پھر نویں ایڈیشن کے لیے علی ظفر کی خدمات حاصل کی ہیں۔ وہ آئمہ بیگ کے ساتھ مل کر گانا پیش کریں گے۔
کراچی کنگز اس بار نئے کپتان کے ساتھ میدان میں اُترے گی۔ پی ایس ایل سیون اور ایٹ میں کراچی کنگز کی کارکردگی نہایت مایوس کن رہی تھی۔ 
یوں بالترتیب بابر اعظم اور عماد وسیم کو کپتانی سے ہاتھ دھونا پڑا۔ اس بار فاسٹ بولر محمد عامر اور اوپننگ بلے باز شرجیل خان بھی کراچی کنگز کا حصہ نہیں بن سکے۔ 
شان مسعود کراچی کنگز کی قیادت کریں گے۔ حسن علی پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے بعد رواں سیزن میں کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے۔ 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سرفراز احمد پی ایس ایل کے سب سے زیادہ میچز میں قیادت کرنے والے کپتان تھے، ٹیم کو ٹرافی بھی جتوائی مگر پی ایس ایل کے پہلے چار سیزن میں متاثرکن کھیل پیش کرنے والی یہ فرنچائز اگلے چار سیزن میں مکمل طور پر ناکام رہی۔
سرفراز احمد کی قیادت، فارم اور فٹنس پر بھی سوالات اُٹھے۔ ٹیم اونر ندیم عمر نے حالیہ دنوں میں سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کا اِشارہ دیا تھا، یوں سرفراز احمد کو کپتانی چھوڑنا پڑی۔ 
پی ایس ایل نائن کے لیے رائلی روسو کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ معین خان کی جگہ اب شین واٹسن ٹیم کے کوچ ہوں گے، شان ٹیٹ کو بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ 
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں بھی کئی بڑے غیرملکی ستارے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ان میں کولن منرو، ایلکس ہیلز، جیمز ونس، ٹم سیفرٹ، تبریز شمسی، شائے ہوپ، ڈیوڈ مالان، ڈیوڈ ولی، جیسن رائے، رائلی روسو اور ٹام کوہلر کیڈمور جیسے نمایاں کھلاڑی شامل ہیں۔
اگر ریکارڈ بُک پر نظر ڈالی جائے تو بابر اعظم پاکستان سُپر لیگ کے کامیاب ترین بلے باز ہیں، انہوں نے 79 میچز میں دو ہزار 935 رنز بنا رکھے ہیں۔ 
سب سے زیادہ 100 چھکے لگانے کا اعزاز فخر زمان کے پاس ہے۔ 145 رنز کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے کا اعزاز جیسن روئے کا ہے۔ 
وہاب ریاض 88 میچز میں 113 وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین بولر رہے۔ میچ میں بہترین بولنگ کا اعزاز روی بوپارہ کا ہے جنہوں نے 2016 میں 16 رنز دے کر چھ شکار کیے۔