ہانیہ عامر کی ’وائرل شادی ویڈیو‘ کی حقیقت سامنے آ گئی

ہانیہ عامر کی ’وائرل شادی ویڈیو‘ کی حقیقت سامنے آ گئی
کیپشن: ہانیہ عامر کی ’وائرل شادی ویڈیو‘ کی حقیقت سامنے آ گئی

ویب ڈیسک: پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر کی مبینہ شادی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کی اصل حقیقت سامنے آ گئی ہے، جس کے بعد قیاس آرائیوں کا سلسلہ تھم گیا۔

گزشتہ چند دنوں سے ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر کے درمیان مبینہ صلح کی خبریں سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہیں۔ عاصم اظہر کی جانب سے میرب علی کے ساتھ منگنی ختم ہونے کے بعد اپنے نئے البم میں ہانیہ عامر کے لیے گانے منسوب کیے جانے اور سوشل میڈیا پر دونوں کی حالیہ مشترکہ جھلکیوں نے مداحوں کو حیران کر دیا تھا۔

اسی دوران ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی ایک ساتھ رقص کرتی ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جسے دیکھ کر متعدد صارفین نے گمان کیا کہ شاید یہ ان کی مہندی کی تقریب ہے۔ تاہم بعد ازاں اس ویڈیو کی حقیقت خود اداکارہ نے واضح کر دی۔

ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دراصل ان کی سالگرہ کی تقریب تھی، جس کا تھیم مزاحیہ انداز میں "شادی" رکھا گیا تھا۔ ان کے مطابق چونکہ سوشل میڈیا پر ہر جانب ان کی شادی کے چرچے تھے، اس لیے دوستوں نے اسی موضوع کو تقریب کا رنگ دے دیا۔

تقریب میں ہانیہ عامر مہندی کی دلہن کے انداز میں ملبوس نظر آئیں اور دوستوں کے ہمراہ رقص کرتی دکھائی دیں۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔

جہاں کچھ مداحوں نے اداکارہ کی زندہ دلی اور بے ساختہ انداز کو سراہا، وہیں بعض صارفین نے عاصم اظہر کے ساتھ دوبارہ قربت پر تنقید کرتے ہوئے اسے محض توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔ چند افراد نے پرانے تعلقات کی جانب واپسی پر سوال اٹھائے، جبکہ کچھ نے ہانیہ کے اس انداز کو حسبِ معمول شوخ اور منفرد قرار دیا۔

واضح رہے کہ اس وقت تک ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی جانب سے اپنے تعلق سے متعلق کسی باضابطہ اعلان کی تصدیق نہیں کی گئی۔

Watch Live Public News