ویب ڈیسک: بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے روایتی حریف پاکستان کے خلاف میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہینڈ شیک کے لیے 24 گھنٹے انتظار کریں، فی الحال توجہ صرف اچھی کرکٹ کھیلنے پر ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی کپتان نے کہا کہ کھلاڑی اس وقت آرام کریں، کھانا کھائیں اور سو جائیں، کل میدان میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم یہاں اچھی کرکٹ کھیلنے آئی ہے اور اسی مقصد پر فوکس ہے۔
سوریا کمار یادیو نے اوپنر ابھیشیک شرما کی فٹنس سے متعلق بتایا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر پاکستان چاہتا ہے کہ ابھیشیک شرما کھیلیں تو ہم انہیں کھلا دیں گے۔
بھارتی کپتان نے پاکستان کے باؤلنگ اٹیک کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا اسپن شعبہ مضبوط ہے۔ انہوں نے عثمان طارق کو ایک مختلف نوعیت کا بولر قرار دیا، تاہم کہا کہ بھارتی بیٹرز اس طرز کے بولرز کا سامنا کر چکے ہیں اور ان کے خلاف کھیلنے کی حکمت عملی تیار ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی باؤلنگ حالیہ میچز میں مؤثر رہی ہے لیکن بھارتی ٹیم نے اس کے خلاف منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔
کولمبو میں میچز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو وہاں دو میچ کھیلنے کا تجربہ حاصل ہے، تاہم بارش یا موسم کی صورتحال کسی کے اختیار میں نہیں۔
سوریا کمار یادیو نے پاک–بھارت مقابلے کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کہا جاتا ہے کہ یہ ایک نارمل میچ ہے، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہوتا۔ کھلاڑی اس بڑے مقابلے میں بہترین کھیل پیش کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے وکٹ کے بارے میں کہا کہ پچ اچھی دکھائی دے رہی ہے، اس لیے ایک معیاری مقابلے کی توقع ہے۔ بھارتی کپتان نے تسلیم کیا کہ ٹیم کا آغاز ٹورنامنٹ میں توقعات کے مطابق نہیں تھا، تاہم دوسرے میچ میں کارکردگی بہتر رہی اور ٹیم نے اچھا کم بیک کیا۔