اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ سندھ بلدیاتی الیکشن میں چھوٹا سا بھی واقعہ کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے 15 جنوری کو انعقاد پر سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات نے تشویشناک صورتحال اختیار کر لی ہے، 2 سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو کروانے کے حق میں تو 2 اس کی مخالفت میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر تصادم کا خدشہ ہے جس کے باعث بعض شرپسند عناصر صورت حال سے فائدہ بھی اٹھا سکتے ہیں ، امن و امان اور تصادم کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور عدلیہ حالات کی سنگینی کا نوٹس لیں، آئین اور قانون کی روشنی میں مناسب حل نکالا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی ایک چھوٹا سا واقعہ کراچی اور حیدر آباد میں کسی بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتا ہے ، سیاسی جماعتوں اور الیکشن سے متعلقہ دیگر فریقین کو معاملہ فہمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی کی فضاء کو ڈی فیوز کرنے کی ضرورت ہے۔