ویب ڈیسک: پی ایس ایل 10 کے ڈرافٹ میں ناکامی سے مایوس پیس باؤلر احسان اللہ کا پاکستان سپر لیگ کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرکے پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔
پبلک نیوز کو ایک خصوصی انٹرویو میں احسان اللہ نے نظر انداز کیے جانے کا شکوہ کرتے ہوئے دوبارہ پی ایس ایل جوائن نہ کرنے کا عہد کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ان کی شاندار کارکردگی کے باوجود کوئی فرنچائز ان تک نہیں پہنچی نہ کسی نے رابطہ کیا۔ میں اب پی ایس ایل نہیں کھیلنا چاہتا ۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا۔
انہوں نے کہا جن لوگوں نے مجھے 13.-135 سپیڈ کا باؤلر قراردیا ہے انہیں میں اگلے ڈیڑھ ماہ میں 150-160 کی رفتار سے باؤلنگ کرکے دکھاؤں گا۔
یادرہے احسان اللہ ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کے ایک بیان کا حوالہ دے رہے تھے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ احسان اللہ اپنی دائیں کہنی کی سرجری کے باوجود کبھی بھی اس طرح باؤلنگ نہیں کر پائیں گے۔ اعلی ترین سرجن سے بھی مشورہ کیا اس کا کہنا تھا ان کا بازو کبھی سیدھا نہیں ہوسکے گا ۔
احسان اللہ نے واضح کیا کہ ان کا پی ایس ایل سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ جذبات کی وجہ سے نہیں انہوں نے کہا کہ یہ خود غرض لوگوں پر مشتمل ایک خود غرض دنیا ہے۔
یادرہے کہ احسان اللہ پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن میں گیند کے ساتھ غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی تھے جہاں انہوں نے 12 میچ کھیلے اور 15.77 کی اوسط اور 7.59 کے اکانومی ریٹ سے 22 وکٹیں حاصل کیں۔
22 سالہ فاسٹ باؤلر اپریل 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز کے دوران کہنی کی چوٹ کی وجہ سے کچھ عرصے کے لیے باہر ہو گئے تھے۔
تاہم، انہوں نے حال ہی میں چیمپئنز T20 کپ کے دوران کرکٹ میں واپسی کی، جہاں انہوں نے چار میچوں میں دو وکٹیں حاصل کیں۔ وہ پاکستان کے لیے ایک ون ڈے اور چار ٹی ٹوئنٹی کھیل چکے ہیں، انہوں نے 20 اوور کے فارمیٹ میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔