ویب ڈیسک: مقبوضہ جموں وکشمیر کے علاقے نوشہرہ کینٹ میں بھارتی فوجی کا پاؤں بارودی سرنگ پرآنے سے دھماکا، 6 سے زائد فوجی شدید زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق دھماکا نوشہرہ کے بھوانی سیکٹر واقع مکڑی علاقہ میں ہوا ۔ زخمی جوانوں کو فوری طور پر علاج کے لیے راجوری کے فوجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
بھارتی فوج کی بریفنگ کے مطابق جوان جس وقت گشت پر تھے، نوشہرہ سیکٹر میں کھمبا قلعہ کے پاس صبح تقریباً 10.45 بجے ایک فوجی غلطی سے بارودی سرنگ کے اوپر چلا گیا۔ اس وجہ سے ہی وہاں پر دھماکہ ہوا اور کچھ فوجی زخمی ہو گئے۔
بھارتی فوجی افسران کا کہنا ہے کہ کنٹرول لائن کے پاس آگے کے علاقوں میں بارودی سرنگیں ہیں جو بارش کی وجہ سے بہہ جاتی ہیں۔ اسی وجہ سے اس طرح کے حادثات پیش آتے ہیں۔
اس سے قبل 9 دسمبر 2024 کو جموں کے پونچھ میں بھی اسی طرح کا دھماکہ ہوا تھا جس میں ایک جوان شہید ہو گیا تھا۔ فوجی ترجمان نے اس وقت بتایا تھا کہ 25 نیشنل رائفلز کے حولدار وی سبیا وریکنٹا کی پونچھ کے تھانیدار ٹیکری میں گشت کے دوران ایک بارودی سرنگ دھماکا کے بعد موت واقع ہو گئی تھی۔