(ویب ڈیسک ) وزارتِ خارجہ (MoFA) عوام کے لیے دستاویزات کی عمومی تصدیق کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے کے تحت ایک نئی موبائل ایپ تیار کر رہی ہے، جس کا مقصد عوامی سہولیات میں بہتری اور خدمات تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔
پروپاکستان کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تصدیقی عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنا، انسانی مداخلت کو کم سے کم کرنا اور درخواستوں کی ریئل ٹائم ٹریکنگ متعارف کرانا ہے۔ اس موبائل ایپ کے ذریعے وزارتِ خارجہ کے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کم ہو جائے گی اور یہ عمل زیادہ مؤثر اور صارف دوست بن سکے گا۔
وزارت خارجہ کا منصوبہ ہے کہ اس نظام کو دیگر سرکاری اداروں کے ڈیٹا بیسز سے منسلک کیا جائے، جن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن، انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین، نادرا اور صوبائی محکمے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ وزارتِ خارجہ بڑھتی ہوئی تعداد میں سروس صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک نیا قونصلر ہال تعمیر کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے اور سروس فراہم کرنے والے اداروں کے اشتراک سے ون ونڈو ڈیجیٹل حل کی جانب پیشرفت کرے گی۔
دستاویزات کی عمومی تصدیق کے عمل کو اپوسٹیل تصدیقی نظام کے ماڈل پر ڈیجیٹل کیا جائے گا، جبکہ مستقبل میں آسان خدمت مراکز کے ذریعے اس نظام کو مربوط کر کے مقامی سطح پر سرکاری خدمات تک رسائی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔