راولپنڈی : آرمی چیف سید عاصم منیر نے آج کوئٹہ گیریژن ، سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے زخمی فوجیوں کی عیادت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آج کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہیں ژوب میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملے پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سید عاصم منیر نے شہداکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، سی ایم ایچ کوئٹہ میں زخمی فوجیوں کی عیادت کی، قوم کے لیے ان کی خدمات اور عزم کو سراہا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کو افغانستان میں ٹی ٹی پی کو دستیاب محفوظ پناہ گاہوں اور کارروائی کی آزادی پر شدید تحفظات ہیں، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان شہریوں کا ملوث ہونا باعث تشویش ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس طرح کے حملے ناقابل برداشت ہیں اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے موثر جوابی کارروائی ہوگی۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا اور مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گی۔ قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے آرمی چیف سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔