بھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے نہ آیا تو۔۔پاکستان نے بڑا فیصلہ کرلیا

بھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے نہ آیا تو۔۔پاکستان نے بڑا فیصلہ کرلیا
کیپشن: بھارت چیمپئنز ٹرافی کیلئے نہ آیا تو۔۔پاکستان نے بڑا فیصلہ کرلیا

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کے مؤقف سے نہیں ہٹے گا اور بورڈ ایک ہی مؤقف برقرار رکھے گا جبکہ اگر بھارتی ٹیم نہ آئی تو پاکستان بھی 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے لیکن ان دنوں پلان بی اور ہائی برڈ وینیو کی خبریں سامنے آرہی ہیں کہ آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں اس حوالے سے گفتگو ہوگی۔

آئی سی سی کا سالانہ اجلاس 19 سے 22 جولائی تک سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں شیڈول ہے جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی شرکت بھی متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کے مؤقف سے نہیں ہٹے گا بلکہ ’ پاکستان کا ایونٹ پاکستان میں‘ کے مؤقف کو برقرار رکھے گا۔

پی سی بی 3 وینیوز پر تمام 8 ٹیموں کے میچز کے انتطامات کرنے میں مصروف ہے، چیمپئنز ٹرافی کے لیے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے لیے بھاری اخراجات کیے جا رہے ہیں، ہائبرڈ اور پلان بی کی باتیں ہونے سے پی سی بی اپنے انتظامات نہیں روکے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے اجلاس میں پاکستان اپنا مؤقف زور دار طریقے سے پیش کرے گا، پلان بی رکھنا آئی سی سی کا کام ہے، پاکستان کا کام اپنے مؤقف کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے سوا چیمپئنز ٹرافی کی تمام ٹیمیں پاکستان میں کھیل چکی ہیں، بھارت کا پاکستان نہ آنے کا مؤقف کمزور ہے، اگر ایسا ہوا تو پاکستان بھی 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گا کیونکہ ماضی کے مقابلے میں پاکستان مستقبل میں سخت مؤقف اپنائے گا۔

Watch Live Public News