ویب ڈیسک: پی ٹی آئی رہنما ماجد ستی قتل کیس میں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے فرخ کھوکھر سمیت تین مجرموں کو عمر قید کی سزا سنا دی، جبکہ ایک ملزم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افشا اعجاز صوفی نے تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر فرخ کھوکھر، اور دو دیگر ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی، جبکہ ملزم وسیم کو بری کر دیا۔
فیصلہ سنائے جانے کے فوری بعد ضمانت پر موجود فرخ کھوکھر کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دیگر دو سزا یافتہ ملزمان پہلے ہی جیل سے عدالت لائے گئے تھے۔
فیصلے کے موقع پر مقتول ماجد ستی کے ورثا اور لواحقین کی بڑی تعداد جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھی، جبکہ فرخ کھوکھر اور دیگر ملزمان کے حامی بھی بڑی تعداد میں عدالت پہنچے۔
ممکنہ کشیدگی کے پیش نظر جوڈیشل کمپلیکس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ مسلح افراد اور گاڑیوں کے احاطے میں داخلے پر پابندی عائد رہی، جبکہ تمام آنے والوں کی سخت تلاشی لی گئی۔
واضح رہے کہ ماجد ستی قتل کیس کا مقدمہ 8 اگست 2022ء کو تھانہ صادق آباد میں درج کیا گیا تھا۔