ویب ڈیسک: کراچی کے متعدد علاقوں میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر کے مطابق زلزلے کے اثرات کراچی کے ملیر، شاہ فیصل کالونی، قائد آباد، گلزار ہجری، یونیورسٹی روڈ اور قرب و جوار کے علاقوں میں محسوس کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ان جھٹکوں کی بنیادی وجہ لانڈھی فالٹ لائن کا متحرک ہونا ہے۔
ان کے مطابق "یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ زلزلے کب تک آتے رہیں گے، کیونکہ فالٹ لائن کی سرگرمی کی مدت کا درست اندازہ لگانا ممکن نہیں۔"
چیف میٹرولوجسٹ نے یہ بھی یاد دلایا کہ "2009 میں بھی لانڈھی فالٹ لائن متحرک ہوئی تھی، اُس وقت تقریباً دو ماہ تک معمولی شدت کے زلزلے ریکارڈ کیے گئے تھے۔"
محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو محتاط رہنے اور افواہوں سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔