عالمی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرول اور ڈیزل مہنگے ہونے کا امکان

عالمی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرول اور ڈیزل مہنگے ہونے کا امکان
کیپشن: عالمی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرول اور ڈیزل مہنگے ہونے کا امکان

ویب ڈیسک: عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں پاکستان میں بھی 30 جون تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 1 روپے اور 5 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق 15 جون کو ہونے والے حتمی ریویو میں یہ تخمینہ لگایا گیا ہے کہ موجودہ ٹیکس ڈھانچے کو برقرار رکھتے ہوئے پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں تقریباً 1 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر تک اضافہ ممکن ہے۔

اس وقت پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت: 252.63 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمت: 254.64 روپے فی لیٹر مقرر ہے۔

پیٹرول عموماً نجی ٹرانسپورٹ، موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں میں استعمال ہوتا ہے، جس کا بوجھ براہ راست متوسط اور نچلے طبقے کے بجٹ پر پڑتا ہے۔ دوسری جانب ڈیزل کی قیمت میں اضافہ اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ اور زرعی سرگرمیوں پر مہنگائی کا باعث بنتا ہے۔

ٹیکسز، لیویز اور دیگر چارجز

حکومت اس وقت پیٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 94 روپے فی لیٹر وصول کر رہی ہے۔

جی ایس ٹی فی الحال صفر ہے، لیکن ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی: 77.01 روپے فی لیٹر، پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی: 78.02 روپے فی لیٹر، کسٹم ڈیوٹی (درآمدی یا مقامی دونوں پر): تقریباً 16 روپے فی لیٹر، کمپنی اور ڈیلرز کا مارجن: تقریباً 17 روپے فی لیٹر مقرر ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں نرمی دیکھنے کو کم ہی ملی ہے، جو کہ مہنگائی کے ایک مستقل مسئلے کی نشاندہی کرتا ہے۔

Watch Live Public News