اسرائیلی ہتھیاروں کے استعمال پر تشویش، پاکستان کو سنجیدہ حکمت عملی اپنانا ہو گی: اسد قیصر

اسرائیلی ہتھیاروں کے استعمال پر تشویش، پاکستان کو سنجیدہ حکمت عملی اپنانا ہو گی: اسد قیصر
کیپشن: اسرائیلی ہتھیاروں کے استعمال پر تشویش، پاکستان کو سنجیدہ حکمت عملی اپنانا ہو گی: اسد قیصر

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تھا، تو وہ اسرائیلی ساختہ ہتھیار استعمال کر رہا تھا۔ ان کے بقول یہ صورتحال پاکستان کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ اب سنجیدہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ایران پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں اور اس نازک موقع پر ہم اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

"پاکستان کو سفارتی سطح پر فعال کردار ادا کرنا ہوگا"

انہوں نے مطالبہ کیا کہ او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کے لیے پاکستان کو فعال سفارتی کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے وزیر دفاع خواجہ آصف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ تقریر کرکے چلے گئے اور اشاروں کنایوں میں اپوزیشن کو نشانہ بنایا۔

"پارلیمنٹ میں دو ٹوک موقف پیش کیا گیا تھا"

اسد قیصر نے یاد دلایا کہ پلواما واقعے کے بعد اُس وقت کے وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں بھارت کو واضح جواب دیا تھا، جو قومی اتحاد کی ایک مثال تھا۔ ان کے مطابق موجودہ حکومت صرف الزامات کی سیاست کر رہی ہے۔

"کسانوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے"

انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ حکومت نے کسانوں کے مسائل کو مکمل طور پر نظر انداز کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ"کسان تباہ ہو چکے ہیں، مریم نواز نے کسانوں سے خود کو لاتعلق کر رکھا ہے۔ آئندہ انتخابات میں کسان اس کا حساب لیں گے۔"

خیبرپختونخوا کے لیے وسائل کی عدم فراہمی پر اعتراض

اسد قیصر نے پی ایس ڈی پی میں خیبرپختونخوا کے لیے محض 55 کروڑ روپے مختص کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ"عید کے دنوں میں صرف دو گھنٹے بجلی میسر تھی جبکہ ہماری بجلی ریکوری 91 فیصد ہے، مگر پھر بھی لوڈشیڈنگ ختم نہیں کی جا رہی۔"

"تمباکو کاشتکاروں کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے"

انہوں نے وفاقی حکومت پر الزام عائد کیا کہ تمباکو بورڈ کو غیر فعال کر دیا گیا ہے اور اب تک کم سے کم قیمت کا تعین نہیں کیا گیا، جس سے کاشتکاروں کو نقصان ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ"میرا ذاتی مفاد نہیں، میں صرف عوام کا نمائندہ ہوں۔ اگر لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو ہم موٹروے پر احتجاج کریں گے۔"

" عمران خان کی رہائی چاہتے ہیں"

آخر میں اسد قیصر نے ایک مرتبہ پھر بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اور شفاف انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے قائد کے ساتھ کھڑی ہے۔

Watch Live Public News