(ویب ڈیسک)آزاد جموں و کشمیر پولیس نے کالعدم انتشاری کمیٹی کے بے بنیاد اور گمران کن پروپیگنڈا کو مکمل مسترد کر دیا۔ آزاد جموں و کشمیر کے عوام انتشاری کمیٹی کی شرپسندی کو مسترد کر کے واپس جا رہے ہیں ۔
آئی جی آزاد جموں و کشمیر پولیس نے احتجاج چھوڑ کر واپس جانے والوں کیلئے سفری سہولت فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
ترجمان آئی جی آزاد جموں و کشمیر پولیس کے مطابق کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی معصوم لوگوں کو ورغلا اور لالچ دے کر راولاکوٹ لائی تھی ، آزاد کشمیرکے مختلف اضلاع کے افراد شرپسند کمیٹی کے رہنماوں کے مجرمانہ کرداراور شرپسندی کے باعث احتجا ج چھوڑ کر واپس جا نا چاہتے ہیں ، واپس اپنے گھروں کو جانے کے خواہشمند افراد کو انتشاری کمیٹی کی جانب سے سوشل میڈیا اکاونٹس کے ذریعے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ احتجاج چھوڑ کر جانے والوں کو گرفتار کرنے کی بات سراسر بے بنیاد ، غلط ، جھوٹی اور گمراہ کن پروپیگنڈا ہے، پولیس کی جانب سے اپنے گھروں کو واپسی کے خواہشمند نوجوانوں کی حفاظت و واپسی کے لیے راولاکوٹ میں سہولت مراکز بنائے گئے ہیں ، اپنے گھروں کو واپسی کے خواہشمند نوجوان پولیس سے رابطے میں رہ کر بلاخوف اپنے گھروں کو واپس جا سکتے ہیں۔