محکمہ موسمیات کی آج سے بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی آج سے بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی
کیپشن: محکمہ موسمیات کی آج سے بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے 14 سے 16 مارچ کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ کل شام ملک کے شمال مغربی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث چترال، ایبٹ آباد، سوات، کوہستان، شانگلہ، پشاور، کرم، کوہاٹ، باجوڑ اور ہری پور میں بارش متوقع ہے۔

اس کے علاوہ ژوب، بارکھان، چمن اور زیارت میں مطلع ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور اٹک سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 17 مارچ کی رات ایک اور مغربی سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی 14 سے 16 مارچ کے دوران صوبے میں متوقع بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش اور بعض مقامات پر گرج چمک کا امکان ہے، جب کہ صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو بھی پیشگی طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ اور گجرات میں بارش کا امکان ہے، جب کہ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بارشوں کے باعث پنجاب کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں تین سے چار ڈگری تک کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش اور طوفان کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے خدشے کے پیش نظر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں، جبکہ کسان موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی احتیاطی اقدامات یقینی بنائیں۔

Watch Live Public News