ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی وائٹ ہاؤس مشیر نے ایران کے ساتھ جاری تنازع سے نکلنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو اس جنگ سے واپسی کا راستہ تلاش کرنا چاہیے۔
برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق ٹرمپ کے مصنوعی ذہانت اور کرپٹو امور کے مشیر ڈیوڈ ساکس نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مناسب وقت ہے کہ امریکا فتح کا اعلان کرے اور اس جنگ سے باہر نکل آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا اقدام وہی چیز ہے جس کی عالمی منڈیاں توقع کر رہی ہیں۔
ڈیوڈ ساکس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رواں ماہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا ایران کے خلاف جنگ طویل عرصے تک جاری رکھ سکتا ہے۔
پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران ڈیوڈ ساکس نے امریکا کی جانب سے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر مزید حملوں کے ممکنہ نتائج پر بھی تشویش ظاہر کی، جن میں جوہری جنگ کا خطرہ بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسا گروہ موجود ہے جو صرف ریپبلکن پارٹی تک محدود نہیں اور جنگ کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔
ڈیوڈ ساکس کے مطابق اگر ایرانی توانائی کے مزید بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا تو ایران خلیجی ریاستوں میں موجود تیل اور گیس کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے جس سے صورت حال کہیں زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جنگ میں مزید شدت پورے خلیجی خطے کو تقریباً ناقابل رہائش بنا سکتی ہے۔