(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کی جانب سے عید کے چاند کی پیدائش سے متعلق پیشگوئی کردی گئی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر کا کہنا ہے کہ 19 مارچ کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔لیکن 19 مارچ کو عید کا چاند نظر آنا نا ممکن ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 19 تاریخ کو چاند کی پیدائش پاکستانی وقت کے مطابق صبح کے 6 بج کر 23 منٹ پر ہوگی، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے اور چند منٹ ہوگی جبکہ ٹیلی اسکوپ سے بھی چاند 14 گھنٹے سے زیادہ کی عمر کا ہو تو نظر آتا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر نے کہا کہ 12 گھنٹے کی عمر والا چاند نظر آنا سائنسی لحاظ سے تو ناممکن ہے، اسے ٹیلی اسکوپ سے دیکھنا بھی مشکل ہے اور عام آنکھ تو دیکھ ہی نہیں سکتی۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال امکان نظر آرہا ہے کہ رمضان کے 30 روزے ہوں گے اور عید الفطر 21 مارچ ہفتے کو ہو سکتی ہے تاہم اس کا باقاعدہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔