ویب ڈیسک: مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوگیا، محکمہ موسمیات نے 23 اگست تک مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام سے 23 اگست تک آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
آزاد کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا میں چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، مردان، بنوں اور وزیرستان سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، ساہیوال اور دیگر علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
گلگت بلتستان میں استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، غانچے اور نگر میں 23 اگست تک بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔