مودی سندھ طاس معاہدے پر کبھی سوچنا بھی نہیں ، پانی ہماری ریڈ لائن ہے، وزیر اعظم 

مودی سندھ طاس معاہدے پر کبھی سوچنا بھی نہیں ، پانی ہماری ریڈ لائن ہے، وزیر اعظم 

(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا  ہے کہ   مودی سندھ طاس معاہدے پر کبھی سوچنا بھی نہیں، پانی ہماری ریڈ لائن ہے اس سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پسرور چھاؤنی سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ایئر چیف بھی ہمراہ تھے، نائب وزیراعظم، وزیردفاع، وزیر اطلاعات و دیگر وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

 وزیراعظم کو آپریشن "بنیان مرصوص" اور تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے " معرکہ حق" میں افواج پاکستان کی شاندار کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے غیر متزلزل عزم نے مسلح افواج کو ناقابل شکست بنایا،  یہ کامیابی رہتی دنیا تک تاریخ کے سنہری باب کا حصہ بن گئی،  بہادر افواج نے وطن عزیز اور24کروڑ عوام کے وقار میں اضافہ کیا، افوان پاکستان نے اپنی بہادری سے قوم کی عزت افزائی کی ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا پاکستان کی عسکری صلاحیتوں کی معترف ہے، دشمن قوتوں کے ہوش ٹھکانے آگئے، مودی اپنے بھاشن اپنے پاس رکھیں، مودی دوبارہ ایسی حرکت کی تو منہ کی کھاؤ گے۔ مودی سندھ طاس معاہدے پر کبھی سوچنا بھی نہیں، پانی ہماری ریڈ لائن ہے اس سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔

شہبازشریف نے کہا کہ  مربوط ڈائیلاگ ہوگا،میٹھا میٹھا ہپ ہپ ہم نہیں ہونے دینگے، پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے،اس خواہش کو کمزوری مت سمجھنا۔

انہوں نے کہا کہ  ہمارے افسر اور جوان قوم کی آنکھوں کے تارے ہیں،  ہمارے افسر اور جوانوں نے بہادری اور جرات کی داستانیں رقم کیں،جنگ میں ایک لمحے کیلئے بھی جوانوں کے عزم میں کمی نہیں دیکھی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلح افواج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا، افواج پاکستان نے چند گھنٹوں میں دشمن کی جارحیت خاک میں ملا دی۔

وزیراعظم نے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی  اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ   پاکستان کو اپنے بہادر سپاہیوں پر فخر ہے، بچوں، خواتین اور بزرگوں کی شہادت کو دہشتگردی کہنا شرمناک ہے، بھارت نے غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش سے راہ فرار اختیار کی، شہداء قوم کا فخر ہیں،ہمیشہ ان کے مقروض رہیں گے۔

Watch Live Public News