طاقتور طوفان کے باعث ایک شخص ہوا میں اڑ گیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

طاقتور طوفان کے باعث ایک شخص ہوا میں اڑ گیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

(ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست یو پی میں طاقتور طوفان کے باعث ایک شخص ہوا میں اڑ گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی میں طوفان کے دوران ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق گاؤں بامیانہ میں 13 مئی کو آنے والے شدید طوفان کے دوران ننھے میاں نامی شخص ٹین کے شیڈ کو بچانے کے لیے اس کی رسی پکڑے کھڑا تھا، مگر تیز ہواؤں نے شیڈ سمیت اسے بھی فضا میں اُڑا دیا۔

ننھے میاں کے مطابق وہ تقریباً 30 سے 40 فٹ بلندی تک ہوا میں چلا گیا، جس کے بعد قریب 50 فٹ دور جا گرا۔ اس نے بتایا کہ جس رسی کو اس نے سہارا سمجھ کر پکڑا تھا، وہ تیز آندھی کے سامنے بے بس ثابت ہوئی۔

زمین پر گرنے کے نتیجے میں اس شخص کی کئی ہڈیاں ٹوٹ گئیں، جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ 13 مئی کو اتر پردیش کے مختلف علاقوں میں آنے والے شدید طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق طوفان سے کم از کم 89 افراد ہلاک، 53 زخمی جبکہ 87 گھروں کو نقصان پہنچا۔

Watch Live Public News