(ویب ڈیسک ) سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نوجوانوں کو خاص پیغام میں کہا ہے کہ اگر آپ نے اپنے مستقبل کے لیے، اپنے حقوق کے لیے اور اپنی آزادی کے لیے جدوجہد کرنی ہے تو آپ کے پاس اس بوگس نظام کے خلاف کھڑے ہونے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل سے طلباء و طالبات اور نوجوانوں کے لیے خاص پیغام جاری کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ہزاروں نوجوانوں کو ہر ماہ روزگار ڈھونڈنے کے لیے ملک چھوڑ کر جانا پڑ رہاہے، لیکن کتنے نوجوان باہر جا سکیں گے؟ سب کو تو ویزا نہیں مل سکتا نا ہی سب کے پاس اتنے وسائل ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں جمہوریت ختم ہو گئی ہے، رول آف لاء بالکل نہیں رہا، انہوں نے اب عدلیہ کو بھی ٹیک اوور کر لیا ہے، اس لیے اگر آپ نے اپنے مستقبل کے لیے، اپنے حقوق کے لیے اور اپنی آزادی کے لیے جدوجہد کرنی ہے تو آپ کے پاس اس بوگس نظام کے خلاف کھڑے ہونے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ 24 نومبر کو تمام نوجوان خصوصاً طلباو طالبات اپنے حقوق کے لیے ہمارے ساتھ نکلیں کیونکہ اب اس ملک میں نوجوانوں کا مستقبل شدید خطرے میں ہے، میں اپنے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن (ISF) اور انصاف یوتھ ونگ کے نوجوان لیڈرز کو ہدایت کرتا ہوں کہ اپنے کالجز، یونیورسٹیز اور متعلقہ علاقوں میں ذیادہ سے ذیادہ ممبرشپ کریں اور پاکستانیوں کی حقیقی آزادی کی تحریک کے لیے طلباو طالبات اور نوجوانوں کو موبلائز کریں۔