اسلام آباد کچہری حملے کے حوالے سے بڑی پیشرفت، سہولت کار گرفتار

اسلام آباد کچہری حملے کے حوالے سے بڑی پیشرفت، سہولت کار گرفتار
کیپشن: اسلام آباد کچہری حملے کے حوالے سے بڑی پیشرفت، سہولت کار گرفتار

ویب ڈیسک: جوڈیشل کمپلیکس جی الیون اسلام آباد دھماکے میں ملوث خودکش بمبار کے معاون دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق انٹیلی جنس بیورو اور CTD نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جوڈیشل کمپلیکس جی۔11 اسلام آباد پر حملے میں ملوث ٹی ٹی پی / فتنہ الخوارج کے دہشت گرد سیل کے چار ارکان کو گرفتار کرلیا۔ 

ٹی ٹی پی / فتنہ الخوارج کے کمانڈر سعید الرحمن عرف ”داد اللہ“ نے ٹٓیلی گرام ایپ کے ذریعے رابطہ کر کے اسلام آباد میں خودکش حملہ کرنے کی ہدایت کی۔ دوران تفتیش خودکش حملہ آور کے ہینڈلر ساجد اللہ عرف ”شینا“ نے اعتراف کرلیا۔ 

سعید الرحمان عرف داد اکبر چرمکنگ، باجوڑ، حال افغانستان میں مقیم ٹی ٹی پی کا انٹیلی جنس چیف نواگئی، باجوڑ ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زیادہ سے زیادہ جانی نقصان پہنچانے کے لئے خودکش حملہ کیا گیا۔

داد اللہ نے ساجد الله عرف ”شینا“ کو خودکش بمبار عثمان عرف ”قاری“ کی تصاویر بھیجیں تا کہ وہ اسے پاکستان میں وصول کرے۔ خودکش بمبار عثمان عرف ”قاری“ کا تعلق شینواری قبیلے سے تھا اور وہ اچین، ننگرہار، افغانستان کا رہائشی تھا۔

خودکش بمبار افغانستان سے پاکستان پہنچا تو ساجد الله عرف ”شینا“ نے اسے اسلام آباد کے نواحی علاقے میں ٹھہرایا۔

افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی / فتنہ الخوارج کے کمانڈر داد الله کی ہدایت پر ساجد الله عرف ”شینا“ نے اکھن بابا قبرستان پشاور سے خودکش جیکٹ حاصل کی اور اسے اسلام آباد پہنچایا۔ دھماکے کے روز ساجد الله نے خودکش بمبار عثمان عرف ”قاری“ کو خودکش جیکٹ پہنائی۔

فتنہ الخوارج / ٹی ٹی پی کی  افغانستان میں موجود اعلیٰ قیادت ہر قدم پر اس نیٹ ورک کی رہنمائی کر رہی تھی۔ اس واقعے میں ملوث پورا سیل پکڑا جا چکا ہے۔ آپریشنل کمانڈر اپنے تین دہشت گرد ساتھیوں سمیت گرفتار ہو چکا ہے۔ تحقیقات جاری ہیں اور مزید انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔

Watch Live Public News