ویب ڈیسک: پنجاب میں مون سون بارشوں کے 11ویں اسپیل کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے نے 16 سے 19 ستمبر تک دریاؤں کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت تمام اداروں کو تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔ شہریوں سے احتیاطی تدابیر اپنانے اور خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی گئی ہے۔
عرفان کاٹھیا نے بتایا کہ دریائے چناب اور راوی کے سیلابی ریلوں نے ملتان کو متاثر کیا، تاہم جلالپور پیروالا اور شجاع آباد کو فی الحال خطرہ نہیں۔ جلالپور پیروالا میں بڑے پیمانے پر انخلا کیا گیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ گڈو بیراج پر پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے، جس سے 7.5 لاکھ کیوسک پانی سندھ میں داخل ہونے کا خدشہ ہے۔
ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔