(ویب ڈیسک) میکسیکو کی ریاست یوکاٹن میں ایک دلخراش ٹریفک حادثے میں کم از کم 15 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ میکسیکو کے شہر میریڈا اور کیمپ چے کے درمیان ہائی وے پر اس وقت پیش آیا جب ایک ٹریلر، کار اور ٹیکسی آپس میں بری طرح ٹکرا گئیں۔ تصادم کے فوری بعد گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔
ٹرک مکمل طور پر شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا، جس میں سوار 14 افراد، بشمول ڈرائیور، زندہ جل گئے۔ ایک اور شخص نے جائے وقوع پر دم توڑ دیا، یوں مجموعی ہلاکتیں 15 تک پہنچ گئیں۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک گاڑی مکمل طور پر آگ میں لپٹی ہوئی ہے جبکہ سیاہ دھوئیں کے بادل فضا میں بلند ہو رہے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق کئی افراد جلتی گاڑی میں پھنسے رہے اور بعض کی لاشیں سڑک پر بکھری پڑی تھیں۔
ریسکیو ادارے، فائر بریگیڈ، طبی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ تین افراد کو زندہ بچا لیا گیا، جنہیں تشویشناک حالت میں قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔
نیشنل گارڈ اور فرانزک ماہرین نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم حکام نے ابھی تک ہلاک شدگان کی شناخت یا حادثے کی اصل وجہ ظاہر نہیں کی۔
مقامی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ یوکاٹن میں گزشتہ نصف صدی کے دوران پیش آنے والا سب سے خوفناک روڈ ایکسیڈنٹ ہے۔ ریاست کے گورنر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔