آئی لیش ایکسٹینشنز آنکھوں میں مائٹس کی افزائش کا سبب بن سکتی ہیں، ماہرین

آئی لیش ایکسٹینشنز آنکھوں میں مائٹس کی افزائش کا سبب بن سکتی ہیں، ماہرین
کیپشن: آئی لیش ایکسٹینشنز آنکھوں میں مائٹس کی افزائش کا سبب بن سکتی ہیں، ماہرین

ویب ڈیسک: آئی لیش ایکسٹینشنز کے زیادہ استعمال سے آنکھوں کی پلکوں میں خوردبینی مائٹس کی افزائش کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، ماہرینِ امراضِ چشم نے خبردار کردیا۔

طبی زبان میں ڈیموڈیکس (Demodex) کہلانے والے یہ خوردبینی جاندار عموماً پلکوں کے بالوں کی جڑوں میں پائے جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق مصنوعی پلکوں کے لیے استعمال ہونے والا گلو اور اس کے گرد جمع ہونے والے مردہ جلدی خلیات مائٹس کی افزائش کے لیے سازگار ماحول فراہم کرسکتے ہیں۔

یوکرین کی نیشنل پیروگوف میموریل میڈیکل یونیورسٹی کے ماہرین نے یورپی سوسائٹی آف کیٹریکٹ اینڈ ریفریکٹو سرجنز کی کانگریس میں آئی لیش ایکسٹینشنز کے ممکنہ نقصانات سے متعلق تحقیق پیش کی۔

تحقیق میں 16 سے 28 سال کی عمر کی 345 خواتین کو شامل کیا گیا۔ تقریباً نصف خواتین نے بتایا کہ وہ ہر تین سے چار ہفتے بعد آئی لیش ایکسٹینشنز کرواتی ہیں۔

تحقیق کے مطابق تقریباً 48 فیصد خواتین نے ایکسٹینشنز کے بعد آنکھوں میں تکلیف، سرخی یا خارش کی شکایت کی۔

ماہرین کے مطابق پلکوں میں مائٹس کی افزائش آنکھوں میں خارش، خشکی اور سوزش سمیت دیگر مسائل کا باعث بن سکتی ہے، جبکہ بعض صورتوں میں بینائی دھندلا ہونے کی شکایت بھی ہوسکتی ہے۔

ڈاکٹروں نے آئی لیش ایکسٹینشنز استعمال کرنے والوں کو پلکوں کی صفائی اور آنکھوں کی صحت پر خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔

Watch Live Public News