(ویب ڈیسک): انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ایشیا کپ کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر پاکستان ویمنز ٹیم اور بھارتی ویمنز ٹیم کی کھلاڑی کرانتی گود پر جرمانے عائد کر دیے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق سری لنکا کے خلاف ویمنز ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں قومی ٹیم نے مقررہ وقت کے اندر ایک اوور کم کروایا تھا۔ سلو اوور ریٹ کے باعث پاکستان ویمنز ٹیم پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا۔ قومی کپتان فاطمہ ثناء نے جرمانہ باضابطہ طور پر قبول کر لیا۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میچ میں بھارتی کھلاڑی کرانتی گود نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کی۔ کوڈ آف کنڈکٹ توڑنے پر انہیں میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے اور ساتھ ہی ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق کرانتی گود نے سری لنکن بیٹر امیشا دُلانی کو آؤٹ کرنے کے بعد ان کی جانب نامناسب انداز میں پویلین جانے کا اشارہ کیا تھا، جسے اسپورٹس مین اسپرٹ اور قوانین کے منافی قرار دے کر ایکشن لیا گیا۔