(ویب ڈیسک ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لبنان کے وزیر داخلہ و بلدیات احمد الحجار نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔فیلڈ مارشل عاصم منیر اور لبنانی وزیر داخلہ نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور لبنان کے سیکیورٹی اداروں کے ادارہ جاتی روابط اور تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے باہمی مفاد اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ لبنانی وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔لبنانی وزیر داخلہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ لبنانی وزیر داخلہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور دہشت گردی کے خلاف کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔