پاک فوج کا سوات ، دیر ، چترال میں شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری

(ویب ڈیسک )   پاک فوج کی جانب سے سوات، دیر اور چترال میں شدید بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

چترال کے علاقہ دروش، سوات کے علاقوں بحرین، مدین اور مٹہ اور دیر میں شدید بارشوں کی وجہ سے کئی رابطہ سڑکیں زیرآب آنے کے بعد پاک فوج کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو آپریشن جاری  ہے۔

ضلعی انتظامیہ اور دیگر ریسکیو کے اداروں کے ساتھ مل کر پاک فوج نے کئی رابطہ سڑکوں کو بحال کر دیا ہے۔

چترال سے پشاور روڈ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہونے کے بعد پاک فوج نے فوری اقدامات کرتے ہوئے بھاری مشینری سے سڑک سے رکاوٹیں ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی  ہے۔

ریسکیو آپریشن کے ساتھ ساتھ پاک فوج کی جانب سے مسافروں اور سیاحوں کو بھی مدد فراہم کی جارہی ہے تاکہ وہ بغیر رکاوٹ کے سفر جاری رکھ سکیں ۔

پاک فوج شدید بارشوں کے دوران عوام کی خدمت کے لئے متحرک ہے۔