سندھ حکومت کا خواجہ سراؤں ، اسٹریٹ چلڈرنز کیلئے کھیلوں کے مقابلے کروانے کا اعلان

سندھ حکومت کا خواجہ سراؤں ، اسٹریٹ چلڈرنز کیلئے کھیلوں کے مقابلے کروانے کا اعلان
کیپشن: سندھ حکومت کا خواجہ سراؤں ، اسٹریٹ چلڈرنز کیلئے کھیلوں کے مقابلے کروانے کا اعلان

ویب ڈیسک: سندھ حکومت نے معاشرے کے نظر انداز طبقوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے کی ایک اور اہم کوشش کرتے ہوئے 18 اپریل کو سکھر اور بدین میں خصوصی کھیلوں کے مقابلے منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سکھر میں کرکٹ اور رسہ کشی کے مقابلے خواجہ سراؤں کے درمیان ہوں گے، جن میں سکھر اور خیرپور سے تعلق رکھنے والے 35 خواجہ سرا شریک ہوں گے۔ محکمہ کھیل سندھ کے مطابق ان مقابلوں کے لیے کھلاڑیوں کو ٹریک سوٹ اور یومیہ الاؤنس فراہم کیا جائے گا۔

میونسپل اسٹیڈیم سکھر میں خواجہ سرا صبا شاہ اور سویرا بلوچ کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچ جمعہ کی شام 7 بجے کھیلا جائے گا، جو کہ معاشرتی شمولیت کیجانب ایک علامتی قدم ہے۔

اسی روز بدین کے پیر علی شاہ اسٹیڈیم میں اسٹریٹ چلڈرنز کے لیے کھیلوں کے مختلف مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ ان میں بیڈمنٹن، ونجھ وٹی، کوڈی کوڈی، لاٹو، کنچے، گلی ڈنڈہ، فٹبال، کرکٹ، پہیہ دوڑ اور اسٹولیا جیسے روایتی کھیل شامل ہوں گے۔

ترجمان محکمہ کھیل سندھ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ان بچوں اور افراد کو سماجی دھارے میں لانے کی ایک عملی کوشش ہیں، جو اکثر معاشرے کی توجہ سے محروم رہتے ہیں۔

Watch Live Public News