ویب ڈیسک:لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس علی باقر نجفی کی سپریم کورٹ جج تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت قانون نے ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے بعد جسٹس علی باقر نجفی بطور سپریم کورٹ جج حلف لیں گے۔
جوڈیشل کمیشن نے جسٹس علی باقر نجفی کی بطور سپریم کورٹ جج تعیناتی کی کثرت رائے سے منظوری دی تھی، صدر مملکت نے جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کی توثیق کر دی۔
گزشتہ روزمعزز پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے جسٹس علی باقر نجفی کو ایک خوبصورت گلدستہ پیش کیا اور ان کی عدالتی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس نجفی کی سپریم کورٹ میں تقرری نہ صرف محکمہ قانون کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ پوری قوم کے لیے بھی ایک خوش آئند قدم ہے۔ ان کی شفاف اور بااصول قانونی بصیرت عدالتی نظام کو مزید مضبوط کرے گی۔
ملاقات میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل محمد ارشد فاروقی اور ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل محمد آصف شیخ بھی شریک ہوئے، جنہوں نے جسٹس نجفی کو اپنی طرف سے تہنیت پیش کی اور کہا کہ اُن کی موجودگی سے سپریم کورٹ میں انصاف کی فراہمی مزید مؤثر اور شفاف ہو گی۔
افسران نے امید ظاہر کی کہ جسٹس علی باقر نجفی عدالتی اصولوں، آئین و قانون کی سربلندی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو ہمیشہ اولین ترجیح دیں گے۔
یہ ملاقات ایک خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور آخر میں معزز جج نے محکمہ پراسیکیوشن پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اُن کے اعتماد اور نیک تمنائیں ان کے لیے حوصلہ افزا ہیں۔