(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ بلوچستان پر لگائیں گے۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کو صارفین تک منتقل کرنے کی بجائے اس رقم کو بلوچستان کی سب اہم شاہراہ N- 25 (چمن -کوئٹہ-قلاتـ -خضدار- کراچی شاہراہ) کو دو رویہ کرنے میں استعمال کیا جائے گا تاکہ بلوچستان کے عوام کو سفر کی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قومی شاہراہ کی بحالی موٹر وے کے معیار پر کی جائے۔ مزید برآں اسی بچت سے کچھی کینال کا فیز 2 بھی مکمل کرنے میں استعمال ہو گی جس سے صوبہء بلوچستان کی سینکڑوں ایکڑ زمین سیراب ہو گی اور صوبے سمیت پاکستان بھر میں خوشحالی آئے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، جو کہ خصوصی طور پر وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شریک تھے، نے بلوچستان کے عوام کے لئے این 25 کی بحالی کے منصوبے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لیے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر پیٹرولیم پراڈکٹس (پیٹرولیم لیوی) آرڈینینس 1961 میں ترمیم کی منظوری دے دی۔ اس ترمیم میں قومی محصولات میں اضافہ ہو گا۔