ویب ڈیسک: پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے تعلیمی معیار بہتر بنانے اور نصاب کی بروقت تکمیل کے لیے تعلیمی کلینڈر میں اہم تبدیلیوں کی تجویز پیش کر دی ہے۔
ان تجاویز کے تحت تعلیمی سال میں تدریسی دنوں کی تعداد بڑھا کر 180 سے 190 دن تک کرنے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کا تعلیمی نقصان کم کیا جا سکے۔
وزیر تعلیم کے مطابق موجودہ نظام میں زیادہ چھٹیوں کے باعث تدریسی وقت متاثر ہوتا ہے، جس کے پیش نظر گرمیوں کی چھٹیوں میں 15 سے 20 اور سردیوں کی چھٹیوں میں 5 سے 6 دن کمی کی تجویز زیر غور ہے۔
مزید برآں، تعلیمی سیشن کو منظم بنانے کے لیے ہر دوسرے ہفتے (آلٹرنیٹ ہفتہ) اسکول کھولنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق میٹرک اور او/اے لیولز کے طلبہ کے لیے الگ الگ تعلیمی کلینڈر تیار کیے جائیں گے تاکہ بین الاقوامی امتحانات کے شیڈول کے مطابق نصاب مکمل کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ مارچ 2026 میں علاقائی صورتحال اور ایندھن بحران کے باعث اسکولوں کی طویل بندش سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئی تھیں، جن کی تلافی کے لیے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔