مسلم لیگ (ن) کا اہم مشاورتی اجلاس، فیض حمید کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر گفتگو

مسلم لیگ (ن) کا اہم مشاورتی اجلاس، فیض حمید کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر گفتگو
کیپشن: نواز شریف نے آج مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس طلب کر لیا

ویب ڈیسک:سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، خواجہ سعد رفیق، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمز شہباز، سلیمان شہباز، وفاقی وزراء عطا تارڑ، رانا ثناء اللہ، پرویز ملک اور احد خان چیمہ سمیت دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال زیر بحث لائی جارہی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے فیض حمید کی گرفتاری کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جارہا ہے۔

اجلاس کے دوران موجودہ ملکی سیاسی، معاشی اور پارٹی صورتحال پر مشاورت جاری ہے۔

وفاقی وزیراویس لغاری نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے تجاویز پر بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں ٹیکس نظام میں بہتری کے لیے ایف بی آر کی سفارشات بھی پیش کی گئیں۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے لیگی صدر نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمیں بیانات دیتے ہوئے انتہائی احتیاط سے کام لینا چاہیے، جنہوں نے ملک کو نقصان پہنچایا یا ایسے افراد کو سپورٹ کیا ان کا احتساب ہونا ضروری ہے، ہمیں کارکردگی کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کو زیادہ فوکس رکھنا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شباز شریف نے کہا کہ ہم درست سمت کی طرف چل پڑے، اس وقت اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کے تمام فیصلوں کا احترام کرتے ہیں اور مل کر فیصلے کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمیں پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت ہے۔

Watch Live Public News