ویب ڈیسک: موج مستی ختم، پنجاب اور سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد آج سے سرکاری اور نجی سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں، سرکاری سکولز ہفتے میں 5 روز کھلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سکولز کھلتے ہی والدین اور طالب علموں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کو اساتذہ نے اپنے لئے خوش آئند قرار دیا۔
اساتذہ نے چھٹیوں کے بعد پہلے دن آنے پر مختلف سرگرمیوں سے بچوں کی حوصلہ افزائی کی، پہلے روز حاضری معمول سے کم ہے جو بچے غیر حاضر ہیں ان کو مطلع کیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم کے نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں سرکاری سکولز ہفتے میں 5 روز کھلیں گے، ہفتہ اور اتوار چھٹی ہوگی، مرد اساتذہ پیر سے جمعرات صبح 8 سے دوپہر 3 بجے تک سکولز میں رہیں گے جبکہ خواتین اساتذہ کو ڈھائی بجے چھٹی ہوگی۔
ڈبل شفٹ والے سکولزمیں پہلی شفٹ صبح 8 سے دوپہر ڈھائی بجے تک ہوگی، دوسری شفٹ دوپہر ایک بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی، جمعے کو سکول صبح 8 سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔
سندھ بھر میں اسکول کھل گئے، تدریسی عمل کا آغاز
محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ نجی اسکولز بھی معمول کے مطابق تدریسی عمل شروع کریں گے، محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے نئے تعلیمی سال کے سلسلے میں ضروری اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ اساتذہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری کے ساتھ ادا کریں، اساتذہ کی میرٹ پربھرتیوں سے صوبے میں تعلیمی نظام میں بہتری آئی ہے، طلبہ کو پہلے سے زیادہ توجہ و عزم سے تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیمی اصلاحات کے سلسلے کو جاری رکھا جائیگا، ملک میں پہلی بار سندھ میں اساتذہ لائسنس پالیسی و دیگر اصلاحات متعارف کروائی ہیں۔
وزیرتعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں پہلی بار سندھ میں اساتذہ لائسنس پالیسی و دیگر اصلاحات متعارف کرائیں، صوبے میں تعلیمی اصلاحات کے سلسلے کو جاری رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ میں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد یکم اگست سے سکول دوبارہ کھلنے تھے تاہم محکمہ تعلیم سندھ نے گرمی کی شدت اور برسات کے امکان کے باعث موسم گرما کی تعطیلات 14 اگست تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔