گلوکار مکی میڈن کی اہلیہ تین ماہ بعد طلاق کے لیے عدالت پہنچ گئیں

گلوکار مکی میڈن کی اہلیہ تین ماہ بعد طلاق کے لیے عدالت پہنچ گئیں
کیپشن: گلوکار مکی میڈن کی اہلیہ تین ماہ بعد طلاق کے لیے عدالت پہنچ گئیں

ویب ڈیسک: امریکی بینڈ Maroon 5 کے رکن اور گلوکار مکی میڈن کی ازدواجی زندگی محض تین ماہ بعد ہی تنازعات کا شکار ہو گئی، جب ان کی اہلیہ نے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 46 سالہ مکی میڈن اور کیتھرن بلیئر بومین کی شادی رواں سال مئی میں ایک نجی تقریب میں انجام پائی تھی۔ شادی کو ابھی چند ماہ ہی گزرے تھے کہ دونوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیتھرن بلیئر بومین نے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کاؤنٹی کی عدالت میں 12 اگست کو طلاق کے لیے باضابطہ درخواست دائر کی۔ دائر کردہ درخواست میں انہوں نے اپنے شوہر پر گھریلو زیادتی کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ازدواجی تعلقات کے دوران ان کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہوئے، جنہوں نے شادی کو مزید جاری رکھنا ناممکن بنا دیا۔

کیتھرن بلیئر بومین کا مؤقف ہے کہ وہ اپنے تحفظ اور ذہنی سکون کے لیے یہ قدم اٹھا رہی ہیں، اور گھریلو تشدد کے الزامات کی قانونی جانچ بھی ضروری ہے۔ دوسری جانب، مکی میڈن کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، اور نہ ہی ان کے قریبی ذرائع نے میڈیا کو اس حوالے سے کوئی وضاحت دی ہے۔

عدالتی ذرائع کے مطابق طلاق کی اس درخواست پر آئندہ ہفتوں میں سماعت متوقع ہے، جس کے دوران گھریلو زیادتی کے الزامات اور مالی معاملات سمیت دیگر امور پر فیصلہ کیا جائے گا۔ اس کیس کے نتیجے میں مکی میڈن کی نجی زندگی اور کیریئر دونوں پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

Watch Live Public News