ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت کا ایک ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر ضلع باجوڑ کے قریب چینگئی بانڈہ کے علاقے سوکئی میں حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تین افراد شہید ہو گئے۔ حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر باجوڑ میں جاری امدادی سرگرمیوں کے لیے روانہ تھا، تاہم راستے میں حادثے کا شکار ہو گیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد فوری طور پر امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت کا دوسرا ہیلی کاپٹر اس وقت ضلع بونیر میں ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق گزشتہ رات ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے جبراڑئی میں آنے والے شدید سیلابی ریلے سے متعدد مکانات تباہ ہو گئے۔ اس قدرتی آفت کے باعث رابطہ سڑکیں اور پل بھی بہہ گئے، جس سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہمارا سب سے بڑا فوکس سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو ٹیمیں ضلع بونیر کے لیے روانہ ہو رہی ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
بیرسٹر گوہر نے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جب تک سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل نہیں ہو جاتا، تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، صوبائی وزرا اور ناظمین متاثرہ علاقوں میں موجود رہیں تاکہ مقامی سطح پر امدادی اقدامات تیز کیے جا سکیں۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا ہے جب خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلاب کے باعث امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اور حکام متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے دن رات سرگرم ہیں۔