آرمی چیف کا دورہ امریکا،اہم حکومتی عہدیداروں ، عسکری حکام سے ملاقاتیں

آرمی چیف کا دورہ امریکا،اہم حکومتی عہدیداروں ، عسکری حکام سے ملاقاتیں
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دورہ امریکا کے دوران اہم حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر ، نشانِ امتیاز (ملٹری) کے جاری امریکی دورے کے دوران اہم امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے ملاقاتیں ہوئیں۔ ان اہم ملاقاتوں میں انٹونی جے بلنکن(سیکرٹری آف سٹیٹ)، جنرل لائیڈ جے آسٹن (ریٹائرڈ) سیکرٹری دفاع کے ساتھ ساتھ وکٹوریہ نولینڈ(نائب وزیر خارجہ)، جوناتھن فائنر(نائب قومی سلامتی مشیر) اور جنرل چارلس کیو براؤن, چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف شامل ہیں۔ملاقاتوں میں دوطرفہ دلچسپی، عالمی اور علاقائی سلامتی کے باہمی امور کے ساتھ ساتھ جاری بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں اطراف نے مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے دوطرفہ تعاون کی ممکنہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا، دفاعی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران انسداد دہشت گردی اور دفاعی تعاون کے شعبوں کو بنیادی اہمیت دی گئی۔ ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ دونوں سائیڈز نے باہمی دلچسپی کے اُمور پر بات چیت جاری رکھنے کا اعادہ کیا، آرمی چیف نے علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور جنوبی ایشیا میں علاقائی سلامتی کو متاثر کرنے والے پہلوؤں پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، اس تناظر میں، آرمی چیف نے خاص طور پر مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام استقبالیہ میں بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی بات چیت کی، آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ملکی ترقی کے لیے کیے جانے والے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے SIFC کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہُوئے بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ امریکہ پاکستان کے لیے سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے جو ہماری کل برآمدات کا 21.5 فیصد ہے۔ آرمی چیف نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے ویزوں کی رکاوٹ، خصوصی اسکریننگ، اور اِس طرح کے دیگر گمراہ کن افواہوں کو رد کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بیرون ملک پاکستانیوں کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، بیرون ملک پاکستانی، پاکستان کے سفیر اور اثاثہ ہیں۔ آخر میں بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی نے کہا کہ افواج پاکستان ہمارا فخر ہیں اور افواج کی پاکستان کے لئیے خدمات کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کےلیے اپنی بہترین خواہشات کا اظہار کیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔