ویب ڈیسک : امریکا سے مزید 104 غیر قانونی بھارتی تارکین وطن ملک بدر ۔۔ د دو خصوصی پروازیں بھارتی شہریوں کو لے کر امرتسر پہنچیں گی۔ وزیراعلی بھارتی پنجاب پروازیں پنجا ب میں اتارنے پر ناراض۔ انبالہ اور دیگر شہروں میں کیوں نہیں اتاری جاتیں ، بھگونت سنگھ مان کا بی جے پی حکومت سے سوال۔
امریکا سے ملک بدر ہونے والے بھارتی شہریوں کی پہلی پرواز 15 فروری کی رات 10:05 بجے امرتسر ایئرپورٹ پر اترے گی، جبکہ دوسری پرواز 16 فروری کی رات متوقع ہے۔
پہلی پرواز میں 119 بھارتی شہری سوار ہوں گے، جن میں 67 کا تعلق پنجاب، 33 کا ہریانہ، اور باقی کا گجرات، اتر پردیش اور مہاراشٹر سے ہے۔
۔ پیو ریسرچ سینٹر کی 2022 کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ میں تقریباً 725000 غیر قانونی بھارتی تارکین وطن مقیم ہیں۔
بھارتی حکومت نے ان ملک بدریوں پر تعاون کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، جو امریکی دورے سے واپس لوٹے ہیں، نے کہا ہے کہ بھارت امریکا میں غیر قانونی طور پر مقیم بھارتی شہریوں کو واپس لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
تاہم بھارتی تارکین وطن کے طیاروں کی امرتسر میں لینڈنگ کو لے کر پنجاب میں ایک نیا سیاسی تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ اس سے قبل 5 فروری کو پہلی پرواز امرتسر پہنچی تھی، جس میں امریکہ سے 104 غیر قانونی تارکین وطن لائے گئے تھے۔ حزب اختلاف کے رہنماؤں نے مرکزی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ ملک بدر کیے گئے بھارتی شہریوں کو واپس لانے کے لیے صرف امرتسر کا انتخاب کیوں کیا گیا، جب کہ انھیں دوسری ریاستوں میں بھی اتارا جا سکتا تھا۔
پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے وفاق کے اس فیصلے کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت پنجاب کو بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔ کبھی مرکزی حکومت پنجاب کے فنڈز روک دیتی ہے، اب امریکا سے ملک بدر کئے جانے والے بھارتی شہریوں کے طیارے امرتسر میں اتارے جا رہے ہیں، پہلا طیارہ بھی امرتسر میں اترا، وزیر اعلیٰ مان نے کہا کہ مرکزی حکومت ایسا کیوں کر رہی ہے ۔ ایک طرف وزیر اعظم مودی ٹرمپ سے ملاقات کر رہے ہیں تو دوسری طرف ملک بدر کیے گئے لوگوں کو بیڑیوں میں ڈال کر واپس بھیجا جا رہا ہے۔
ساتھ ہی پنجاب کے وزیر خزانہ ہرپال سنگھ چیمہ نے بھی مرکزی حکومت پر سیاسی سازش کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت حکومت پنجاب کو بدنام کرنے کے لیے جان بوجھ کر امریکا سے آنے والی پروازوں کو امرتسر میں اتار رہی ہے۔ یہ پروازیں ہریانہ یا گجرات میں کیوں نہیں اترتی ہیں؟ یہ واضح ہے کہ بی جے پی پنجاب کو نشانہ بنا رہی ہے۔