(ویب ڈیسک ) سندھ کابینہ کی جانب سے سرکاری ملازمتوں کیلئے عمر کی حد میں توسیع کی منظوری دیدی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےسندھ کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمر کی حد میں رعایت کے قوانین اور ور دو بلز سندھ سول کورٹس (ترمیمی) بل 2025 اور سندھ یونیورسٹیز اینڈ انسٹی ٹیوٹز لاز (ترمیمی) بل جن پر گورنر سندھ نے اعتراض اٹھا کر واپس بھیج دیا تھا ، کی منظوری دی ۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، قائم مقام چیف سیکرٹری مصدق خان اور متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی۔
تفصیلی غور و خوض اور گفت وشنید کے بعد سندھ کابینہ نے سندھ سول سرونٹس ( عمر کی بالائی حد میں نرمی) کے قوانین کی منظوری دی اور سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اور کوآرڈینیشن ڈپارٹمنٹ (SGA&CD) کو ہدایت کی کہ وہ نئے قوانین کو نوٹیفائے کریں تاکہ وہ حضرات جو سرکاری ملازمتوں کے لیے درخواستیں جمع کراتے ہیں انہیں عمر کی مد میں رعایت مل سکے۔
کابینہ کے فیصلے کے مطابق 2 سال کی مسلسل سروس کے ساتھ سرکاری ملازمین پانچ سال تک کی رعایت کے اہل ہوں گے، جو متعلقہ انتظامی محکمہ کی طرف سے دی جائے گی۔
عام امیدواروں کو انتظامی محکمہ کی طرف سے دو سال تک اورSGA &CD کی طرف سے پانچ سال تک کی رعایت حاصل ہوگی۔
ویڈو /چلڈرن ڈیزیز سول سرونٹ سے مراد ایسے افراد جن کے والدین دورانِ سروس فوت ہو ئے وہ بھی پانچ سال تک کی رعایت کے اہل ہوں گے، جو کہ انتظامی محکمہ کی طرف سے دی گئی ہے۔
خصوصی افراد، طلاق یافتہ خواتین اور بیوہ بھی پانچ سال تک کی رعایت کے حقدار ہوں گے، جو انتظامی محکمہ کی طرف سے دی گئی ہے۔
مزید برآں، بیواؤں اور طلاق یافتہ خواتین کو عمر میں رعایت کے لیے درخواست دیتے وقت متعلقہ سرٹیفکیٹ، جیسے ڈیتھ سرٹیفکیٹ (بیواؤں کے لیے) یا طلاق نامہ (طلاق شدہ خواتین کے لیے) پیش کرنا ہوگا۔
قواعد نمبر 5 کے مطابق عام امیدواروں کو عمر میں چھوٹ مجبوری اور معقول جواز کی بنیاد پر دی جائے گی۔ ان وجوہات میں طبی مسائل، والدین یا شریک حیات کا انتقال ، قدرتی آفات، تقرریوں میں تاخیر، بھرتیوں پر پابندی اور دیگر اہم وجوہات شامل ہیں جن کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔
کابینہ نے بھرتیوں میں طویل تاخیر اور درخواستوں کی بڑی تعداد کو تسلیم کرتے ہوئے، سندھ حکومت نے تقرری یا بھرتی کے قواعد میں ترمیم کرکے عمر کی حد میں پانچ سال اضافی ریاعت کی منظوری دی ہے۔ عمر میں رعایت تمام محکموں پر لاگو ہوتی ہے ماسوائے پولیس اور سندھ پبلک سروس کمیشن (SPSC) کے کی طرف سے منعقدہ مشترکہ مسابقتی امتحان (CCE) کے ۔ یہ نرمی 1 جنوری 2025 سے 31 دسمبر 2026 تک دو سال کی ابتدائی مدت کے لیے نافذ العمل رہے گی۔