ویب ڈیسک: پاکستان اور بھارت کے آج ہونے والے اہم میچ سے قبل شائقینِ کرکٹ کے لیے خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔ سری لنکا کے محکمہ موسمیات کے مطابق کولمبو میں بارش کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے نمائندے کا کہنا ہے کہ شہر میں دن بھر بادل چھائے رہنے کا امکان ہے، تاہم ممکنہ طوفان کا خطرہ ٹل چکا ہے، جس سے میچ متاثر ہونے کے خدشات کم ہو گئے ہیں۔
آج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔ ہائی وولٹیج مقابلے کے لیے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ گرین شرٹس نے لگاتار دوسرے روز پریکٹس سیشن کیا، جبکہ بھارتی ٹیم نے بھی پریماداسا اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ کی۔ کولمبو میں موجود پاکستانی شائقین کا جوش و خروش عروج پر ہے۔
دوسری جانب ایونٹ کے دیگر میچز میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ میں اپنی برتری برقرار رکھی۔ کیویز کے 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایڈن مارکرم نے برق رفتار نصف سنچری اسکور کی، جبکہ ڈیوڈ ملر نے میچ کا اختتام چھکے سے کیا۔ کولکتہ میں انگلینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو 5 وکٹوں سے ہرایا، جبکہ کولمبو میں آئرلینڈ نے عمان کو 96 رنز سے شکست دے دی۔
شائقین کی نظریں اب پاک بھارت ٹاکرے پر مرکوز ہیں، جہاں دونوں ٹیمیں فیصلہ کن معرکے کے لیے تیار ہیں۔