ویب ڈیسک: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں آج پاکستان اور بھارت کے درمیان اعصاب شکن مقابلہ کھیلا جائے گا، تاہم میچ سے قبل پاکستانی اسپنر عثمان طارق بھارتی بیٹرز کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
عثمان طارق کے منفرد بولنگ ایکشن نے بھارتی ٹیم کو خصوصی تیاری پر مجبور کر دیا ہے۔ پریکٹس سیشن کے دوران بھارتی بیٹرز نے نہ صرف ان کے طرز کے اسپنرز کا سامنا کیا بلکہ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو خود بھی عثمان طارق کے انداز میں گیند بازی کرتے نظر آئے تاکہ ساتھی کھلاڑیوں کو مؤثر پریکٹس کروائی جا سکے۔ ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔
پریس کانفرنس میں عثمان طارق کے حوالے سے سوال پر سوریا کمار یادیو نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات امتحان میں نصاب سے ہٹ کر سوال آ جاتا ہے، لیکن اسے چھوڑا نہیں جا سکتا۔ ایسے سوال کا جواب دینے کے لیے اضافی محنت کرنا پڑتی ہے اور ہم بھی اسی تیاری میں مصروف ہیں۔
آج کے بڑے مقابلے میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ بھارتی بیٹرز عثمان طارق کی بولنگ کا کس حد تک مؤثر جواب دے پاتے ہیں۔