پاک بھارت ٹاکرا: 10 سیکنڈ کا اشتہار 40 لاکھ روپے تک جا پہنچا

پاک بھارت ٹاکرا: 10 سیکنڈ کا اشتہار 40 لاکھ روپے تک جا پہنچا

(ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اس بڑے میچ سے قبل اشتہارات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، اور ماہرین نے اسے ’’کمرشل سپرنووا‘‘ قرار دے دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران پریمیم اشتہارات کی عام قیمت 20 سے 25 لاکھ بھارتی روپے کے درمیان رہتی ہے، لیکن روایتی حریفوں کے میچ کے لیے صرف 10 سیکنڈ کا اشتہاری سلاٹ 40 لاکھ روپے تک پہنچ چکا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ پاکستان بھارت مقابلے کے دوران اشتہارات کی شرح میں اوسطاً 25 فیصد اضافہ ہو جاتا ہے۔

کارپوریٹ سیکٹر بھی اس دوڑ میں پیش پیش ہے۔ معروف آٹو اور کنزیومر برانڈز جیسے Hyundai Motor Company، Mahindra & Mahindra، Amul اور Britannia Industries سمیت ایف ایم سی جی اور فن ٹیک شعبوں کی کمپنیاں نمایاں جگہ حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

اندازے کے مطابق پورے ٹورنامنٹ کے دوران اشتہارات سے تقریباً 2 ہزار کروڑ روپے تک آمدنی متوقع ہے، جس میں سب سے بڑا حصہ پاکستان بھارت میچ سے حاصل ہونے کا امکان ہے۔

ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی یہی رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ اسٹریمنگ پلیٹ فارم JioHotstar لائیو اسٹریمنگ کے دوران 10 سیکنڈ کے اشتہار کے لیے 15 سے 20 لاکھ روپے تک وصول کر رہا ہے، جو اس مقابلے کی بے مثال مقبولیت کا ثبوت ہے۔

Watch Live Public News